اسلام آباد: سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سال میں ایک استعمال شدہ موبائل فون رعایتی ٹیکس پر لانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں زیر بحث آیا، جس کی صدارت نوید قمر نے کی۔
اجلاس میں اس تجویز پر تفصیل سے غور کیا گیا اور اس کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران واضح کیا گیا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اجلاس میں موجود نہیں تھے، جس پر بعض اراکین نے تشویش کا اظہار کیا۔
نوید قمر نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر کی موجودگی کے بغیر اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ٹیکس سے متعلق تمام پالیسیاں اسی ادارے سے منسلک ہیں۔
اجلاس میں علی موسیٰ گیلانی نے زور دیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو سال میں کم از کم ایک موبائل فون اپنے اہلخانہ کو بطور تحفہ بھیجنے کی اجازت دی جائے، تاکہ وہ اضافی مالی بوجھ سے بچ سکیں اور اپنے خاندان کے ساتھ آسان رابطہ رکھ سکیں۔
قائمہ کمیٹی نے اس تجویز کو مزید تفصیلی جائزے کے لیے اگلے اجلاس میں دوبارہ زیر بحث لانے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایپل کا نیا آئی فون 17 ای سیریز حیرت انگیز خصوصیات کے ساتھ لانچنگ کیلئے تیار
ایپل نے اپنے اگلے بجٹ ماڈل آئی فون 17eکو متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہےجس میں صارفین کے لیے پہلے سے زیادہ جدید اور بہتر فیچرز شامل کیے جانے کی توقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئے ماڈل میں اسکرین کے بیزلز مزید پتلے کیے جائیں گے اور یہ آئی فون 14 طرز کا OLED پینل استعمال کرے گاجو موجودہ آئی فون 16e میں بھی دستیاب ہے۔
اس پینل کی بڑی تعداد چینی کمپنی BOE فراہم کرے گی جبکہ باقی پینلز سام سنگ ڈسپلے اور LG ڈسپلے کی جانب سے آئیں گے۔
ابتدائی اطلاعات میں خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ آئی فون 17e میں ڈائنامک آئی لینڈ فیچر شامل نہیں ہوگا تاہم معروف ٹیک اینالسٹ ڈیجیٹل چیٹ سٹیشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر اشارہ دیا ہے کہ نیا ماڈل ڈائنامک آئی لینڈ اور ایپل کی نئی A19 چپ کے ساتھ بھی آ سکتا ہے۔
فی الوقت آئی فون 16e، آئی فون 13 اور آئی فون 14 میں نوچ اسکرین اور A18 چپ موجود ہے۔





