2025 کا آخری سپر مون 4 دسمبر کو مشرق کی جانب طلوع ہوگا اور رات کے وقت آسمان میں سب سے بلند اور روشن نظر آئے گا۔
یہ سال کا تیسرا اور سب سے بڑا فل مون ہوگا، جسے کولڈ مون کے نام سے بھی جانا جاتا ہے کیونکہ یہ سرد اور اندھیری ترین موسم میں طلوع ہوتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سپر مون اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب چاند زمین کے قریب ترین نقطے (پیریجی) پر ہو، جس سے یہ عام فل مون کے مقابلے میں بڑا اور زیادہ روشن نظر آتا ہے۔
یہ صورتحال سورج، زمین اور چاند کی سیدھی لکیری ترتیب یعنی سِزِگی کے دوران وقوع پذیر ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ سپر مون پہلے دیکھے گئے سپر مونز سے بڑا ہوگا اور واضح رات کو آسمان میں آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے، اگرچہ انسانی آنکھ سے اس کے حجم میں معمولی فرق محسوس کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف ہرٹ فورڈ شائر کے ماہر فلکیات ولیم آلسٹن کے مطابق افق کے قریب چاند بڑا دکھائی دیتا ہے، اور سپر مون کے دوران یہ اثر مزید نمایاں ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی سی بی نے لندن میں پی ایس ایل روڈ شو کا اعلان کر دیا
سپارکو کے مطابق اس سپر مون کا حجم عام فل مون کے مقابلے میں تقریباً 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔
برطانیہ اور یورپ میں سپر مون 4 دسمبر کی صبح سویرے طلوع ہوگا، جبکہ شمالی اور مغربی امریکا میں ناظرین اسے 3 دسمبر کی رات کلستر کے سامنے گزرتا ہوا دیکھ سکیں گے۔ چاند کا عروج 4 دسمبر کی شام سوا 6 بجے ہوگا۔





