خیبرپختونخوا کا اہم اقدام! غیر قانونی افغان باشندوں کی رجسٹریشن کیلئے صوبے بھر میں سروس پوائنٹس قائم

خیبرپختونخوا کا اہم اقدام! غیر قانونی افغان باشندوں کی رجسٹریشن کیلئے صوبے بھر میں سروس پوائنٹس قائم

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں غیر قانونی افغان باشندوں کی رجسٹریشن کیلئے سروس پوائنٹس قائم کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد افغان مہاجرین کا مستند ڈیٹا جمع کرنا اور ان کی رجسٹریشن کے عمل کو شفاف اور منظم بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام ڈویژنز اور اضلاع میں سروس پوائنٹس کے قیام اور عملے کی تعیناتی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن مراکز پر مستند ڈیٹا اندراج کو یقینی بنائیں۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن مراکز پر سکیورٹی انتظامات اور عوامی رہنمائی کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں گے، اور رجسٹریشن مہم کی پیش رفت کی رپورٹ باقاعدگی سے صوبائی سطح پر جمع کرائی جائے گی۔

نادرا، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ افغان باشندوں کی بائیو میٹرک تصدیق کے ساتھ ساتھ ڈیٹا شیئرنگ اور ریکارڈ اپ ڈیٹ کے لیے ایک مشترکہ میکنزم تیار کریں۔ رجسٹریشن مراکز پر خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو انتظار گاہیں اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

فیلڈ افسران کو رجسٹریشن کے دوران کسی بھی قسم کی ہراسانی یا غیر ضروری تاخیر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے، اور شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ لائن اور کمپلینٹ سیل فعال کیے جائیں گے۔

مزید برآں، روزانہ، ہفتہ وار اور حتمی رپورٹس صوبائی سطح کے جائزہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو رجسٹریشن پلان پر فوری عملدرآمد اور روزانہ رپورٹنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ نادرا اور متعلقہ اداروں کو مؤثر ڈیٹا کلیکشن اور تصدیق کا نظام وضع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ ہوم ڈیپارٹمنٹ اور پی ڈی ایم اے کو رابطے اور سکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

یہ اقدام خیبرپختونخوا حکومت کی غیر قانونی افغان باشندوں کے حوالے سے شفاف اور منظم حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو نہ صرف صوبائی انتظامیہ کو مستند معلومات فراہم کرے گا بلکہ افغان مہاجرین کے حقوق اور سہولیات کے تحفظ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

Scroll to Top