جنوبی وزیرستان(نورعلی) اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان وزیر کی شہادت پر تعزیت اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان لوئر کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، سرکاری اہلکاروں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر سوگ، یکجہتی اور احترام کے اظہار کے طور پر سرکاری افسران نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھیں۔
شرکاء نے شہید اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان وزیر کے بلند درجات، مغفرت اور پسماندگان کے صبرِ جمیل کے لیے خصوصی دعائیں کیں، جبکہ اس دل خراش واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
دریں اثنا، شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے ختمِ قرآن پاک کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں علما کرام کے علاوہ ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان لوئر کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔
علما کرام نے اپنے خطاب میں شہید کی فرض شناسی، جرات اور عوامی خدمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاہ ولی خان وزیر نے خدمتِ خلق کے دوران اپنی جان کا نذرانہ دے کر ایک روشن مثال قائم کی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے شہداء کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔





