ن لیگ نے عرفان صدیقی مرحوم کی خالی نشست پر سینیٹ کے ٹکٹ کا اعلان کردیا

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے سابق وفاقی وزیر عابد شیر علی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف نے مشاورت کے بعد باضابطہ طور پر منظور کیا ہے۔

سینیٹ کی یہ نشست ن لیگی سینئر رہنما اور معروف کالم نگار عرفان صدیقی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس کے بعد پارٹی نے فوری طور پر نئے امیدوار کی تلاش شروع کر دی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عابد شیر علی کو پارٹی قیادت نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے، اور وہ آج الیکشن کمیشن لاہور میں اپنے کاغذات جمع کرائیں گے۔

پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عابد شیر علی کا طویل پارلیمانی تجربہ، تنظیمی خدمات اور پارٹی کے ساتھ دیرینہ وابستگی انہیں اس نشست کے لیے مضبوط امیدوار بناتی ہے۔ ن لیگی حلقوں میں اس فیصلے کو اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہڑتالیں حل نہیں، مسائل عدالت اور بات چیت سے حل ہوں گے، گورنر خیبر پختونخوا

رہنماؤں کے مطابق عابد شیر علی کی ایوانِ بالا میں شمولیت نہ صرف ن لیگ کی پارلیمانی قوت میں اضافہ کرے گی بلکہ سینیٹ میں پارٹی کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔

Scroll to Top