اسلام آباد: سری لنکا میں دتوا طوفان سے ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد پاکستان کی جانب سے امدادی اقدامات میں تیزی آ گئی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر این ڈی ایم اے، پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ مسلسل سری لنکا کے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آج لاہور سے کولمبو کے لیے سری لنکن ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے مزید 20 ٹن امدادی سامان روانہ کیا گیا، جس میں ترپالیں، خشک دودھ اور دیگر بنیادی ضروریات شامل ہیں۔ یہ سامان متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھیجا گیا ہے۔
پاک فوج کی ایلیٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم پہلے ہی سری لنکا میں موجود ہے اور تباہ شدہ علاقوں میں متاثرین کی تلاش اور ریسکیو مشن میں حصہ لے رہی ہے۔
پاک فضائیہ کا C-130 طیارہ بھی 47 رکنی ریلیف ٹیم اور 6.5 ٹن آلات و سامان کے ساتھ کولمبو پہنچ چکا ہے، تاکہ امدادی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
این ڈی ایم اے نے اس کے علاوہ 200 ٹن امدادی اشیاء بحری جہاز کے ذریعے سری لنکا بھجوا دی ہیں، جب کہ مزید سامان کمرشل پروازوں کے ذریعے روانہ کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ن لیگ نے عرفان صدیقی مرحوم کی خالی نشست پر سینیٹ کے ٹکٹ کا اعلان کردیا
پاکستان نیوی کے بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر بھی زمینی اور فضائی ریلیف آپریشنز میں حصہ لے رہے ہیں اور دور دراز علاقوں تک امداد پہنچا رہے ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان سری لنکا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امدادی سرگرمیاں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، علاقائی ہم آہنگی اور انسانی ہمدردی کے عزم کی عکاس ہیں۔





