انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی اوپنر فخر زمان پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے باعث میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
یہ سزا ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل کے دوران پیش آنے والے واقعے پر دی گئی، جس میں فخر زمان کو لیول ون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی افریقہ کے کھلاڑی نے بھارت کے خلاف میچ میں 51سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق سری لنکا کے خلاف فیصلہ کن میچ میں آؤٹ دیے جانے پر فخر زمان نے امپائر سے بحث کی، جو ضابطے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ اس رویے کے باعث نہ صرف ان پر جرمانہ لگایا گیا بلکہ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی ان کے ریکارڈ میں شامل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سلمان آغا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رہیں گے، پی سی بی
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ فخر زمان نے اپنی غلطی تسلیم کر لی، جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت باقی نہ رہی۔
واضح رہے کہ پاکستان نےسہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
یہ بھی پڑھیں : کپتانی کرنا آسان کام نہیں، زیادہ پریشر ہوتا ہے، سابق کرکٹر عبدالرزاق
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے 115 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔
بابر اعظم نے 34 گیندوں پر 37 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے تین، تین وکٹیں حاصل کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔





