دنیا بھر میں ہر روز لاکھوں اسمارٹ فون فروخت ہوتے ہیں مگر صارفین کی توجہ سب سے زیادہ کس ماڈل نے حاصل کی؟ اس سوال کا جواب ایک نئی رپورٹ میں سامنے آیا ہے۔
کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کے مطابق 2025 کے ابتدائی نو ماہ کے دوران ایپل کا آئی فون 16 عالمی سطح پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون قرار پایا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی سے ستمبر 2025 تک مارکیٹ میں آئی فون 16 کی طلب دیگر تمام فونز پر سبقت لیے رہی۔ اس سے قبل جنوری سے مارچ اور پھر اپریل سے جون کے دوران بھی یہی ماڈل فروخت میں سرفہرست رہا تھا، جس کے بعد مجموعی طور پر نو ماہ کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون بن گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایپل کا نیا آئی فون 17 ای سیریز حیرت انگیز خصوصیات کے ساتھ لانچنگ کیلئے تیار
فروخت کے اعتبار سے آئی فون 16 پرو دوسرے، آئی فون 16 پرو میکس تیسرے اور فروری 2025 میں متعارف کرایا جانے والا آئی فون 16 ای چوتھے نمبر پر رہا۔ اس فہرست میں پانچویں سے نویں پوزیشن تک سام سنگ کی اے سیریز کے مختلف فونز شامل رہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ایپل کا آئی فون 17 پرو میکس، جو ستمبر کے آخری عشرے میں مارکیٹ میں پیش کیا گیا تھا، صرف چند دن کی فروخت کے باوجود سب سے زیادہ فروخت ہونے والے دس فونز میں دسواں نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں مہنگائی اور قوت خرید میں کمی کے باوجود ایپل کے آئی فونز کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی۔
گزشتہ سال بھی عالمی سطح پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون آئی فون ہی تھا، جہاں 2024 میں آئی فون 15 مجموعی تین فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ آئی فون 16 پرو میکس دوسرے اور آئی فون 15 پرو میکس تیسرے نمبر پر موجود تھے۔





