ضلع انتظامیہ کا بڑا اقدام! مہاجر کیمپوں سے بجلی منقطع، غیرقانونی رہائش دینے والوں کیخلاف کارروائی شروع

ضلع انتظامیہ کا بڑا اقدام! مہاجر کیمپوں سے بجلی منقطع، غیرقانونی رہائش دینے والوں کیخلاف کارروائی شروع

20 افغان مہاجر کیمپوں سے بجلی منقطع، انخلا کی کارروائیاں جاری، غیرقانونی رہائش فراہم کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ہری پور میں ضلعی انتظامیہ نے افغان مہاجرین کے غیرقانونی قیام کے خلاف ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے مہاجر کیمپوں میں بجلی کی ترسیل بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ انخلا کی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور غیرقانونی افغان مہاجرین کو رہائش دینے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضلعی حکام کے مطابق، ہری پور میں تقریباً 20 افغان مہاجر کیمپ قائم ہیں جہاں ہزارہ الیکٹرک سپلائی کے ذریعے بجلی فراہم کی جا رہی تھی۔ انتظامیہ کی ہدایت پر واپڈا نے کیمپوں سے تمام تنصیبات ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے، جن میں ٹرانسفارمر اور بجلی کے میٹر شامل ہیں۔

ضلع انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات افغان مہاجرین کے غیرقانونی قیام کو ختم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مہاجرین کو انخلا کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں اور انتظامیہ کی ٹیمیں کیمپوں کا جائزہ لے رہی ہیں۔

حکام نے مزید کہا کہ غیرقانونی رہائش فراہم کرنے والے افراد کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائیاں قانون کے دائرے میں رہ کر شہریوں کے مفادات اور علاقے میں نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top