میں اپنی فیملی کو کرپٹ مافیا کے ہاتھوں سے نجات دلانے پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ڈکی بھائی

معروف پاکستانی یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ڈی جی ملٹری انٹیلیجنس کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

ڈکی بھائی نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور ڈی جی ملٹری انٹیلیجنس نے ان کی فیملی کو کرپٹ مافیا کے ہاتھوں سے نجات دلا کر بھرپور پروفیشنلزم کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا میں اپنی فیملی کو کرپٹ مافیا کے ہاتھوں سے نجات دلانے پر فیلڈ مارشل کا شکر گزار ہوں, یہ کرپٹ مافیا کے خلاف جو آپریشن ہوا وہ پاکستان کی تاریخ میں منفرد ہے اور اس کا تمام کریڈٹ انٹیلیجنس ایجنسیز کو جاتا ہے۔

ڈکی بھائی نے کہا کہ اس کامیاب کارروائی سے یہ واضح ہوتا ہے کہ منظم اور پروفیشنل اقدامات کے ذریعے کرپشن اور مافیا کے اثرات کم کیے جا سکتے ہیں اور عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی نہ صرف ان کی فیملی بلکہ معاشرے کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہے کہ قانونی اور پروفیشنل اقدامات کے ذریعے کرپشن اور مافیا کے اثرات ختم کیے جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آن لائن جوا پروموٹ کرنے پر دو مزید ٹک ٹاکرز کو نوٹس جاری

یاد رہے کہ ڈکی بھائی کو 17 اگست کو جوا ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے الزام میں لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض یوٹیوبر ڈکی بھائی کی درخواست ضمانت منظور کی تھی اور انہیں 26 نومبر کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

رہائی کے تین روز بعد ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی نے انسٹاگرام سٹوری پر بتایا کہ وہ اس وقت سوشل میڈیا سے وقفہ لے رہے ہیں، رہائی کے بعد نہ انہوں نے کوئی نیا کونٹینٹ بنایا ہے اور نہ ہی کسی کے ساتھ تصویر بنوائی ہے۔

عروب جتوئی نے لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ افواہوں یا جھوٹی معلومات پر یقین کر کے غلط فہمی کا شکار نہ ہوں، ڈکی بھائی جلد واپسی کریں گے اور پہلے سے زیادہ مضبوط انداز میں اپنا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔

Scroll to Top