نیشنل گیمز، آرمی کے لیفٹیننٹ مصباح نے گولڈ میڈل جیت لیا

35 ویں نیشنل گیمز میں پہلا سونے کا تمغہ لیفٹیننٹ مصباح نے شوٹنگ کے مقابلے میں حاصل کر لیا۔

آرمی کی لیفٹیننٹ مصباح نے خواتین کے 50 میٹر رائفل ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتا جبکہ مردوں کے 10 میٹر ایئر پسٹل ٹیم مقابلے میں پاکستان نیوی کے شوٹرز نے نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔

نیشنل گیمز کے پہلے دن ہی میڈلز کے لیے سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، شوٹنگ کے 6 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوا، جن میں آرمی نے 4 اور نیوی نے 2 گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔

اسی دوران مردوں اور خواتین کے فٹ بال میچز کا بھی آغاز ہوا، خواتین کے مقابلوں میں آرمی نے خیبر پختونخوا کو 23-0 سے شکست دی، جبکہ سندھ اور واپڈا کا میچ 1-1 سے برابر رہا۔

پاکستان نیوی کے شوٹرز شاہ رخ خان، ارسلان اور مدثر خان نے 10 میٹر ایئر پسٹل ٹیم ایونٹ میں تاریخی سکور کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کیا۔

مردوں کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں 1721 پوائنٹس کے ساتھ نیوی نے سابقہ آرمی کا ریکارڈ توڑا، جو 2022 کی نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ میں 1718 پوائنٹس تھا۔

یہ بھی پڑھیں:اسلامی یکجہتی گیمز،ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا

نیشنل گیمز کا میلہ کراچی میں جاری ہے جس میں جیولین اسٹار ارشد ندیم ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

جیولین تھرو ایونٹ پیر کی صبح گیارہ بج کر پنیتالیس منٹ پر شروع ہوگا جس میں ارشد ندیم واپڈا کی نمائندگی کریں گے۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں ریکارڈ تھرو کرنے والے ارشد ندیم نے حال ہی میں ریاض میں منعقدہ اسلامک گیمز میں 83.05 میٹر تھرو کرکے سونے کا  تمغہ اپنےنام کیا تھا۔

ارشد ندیم نے کوئٹہ نیشنل گیمز میں بھی 78.02 میٹر تھرو کرکے گولڈ میڈل جیتا تھا۔

Scroll to Top