شناختی کارڈ پر پتہ تبدیلی مزید آسان، نادرا نے اہم ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد: نادرا نے شناختی کارڈ (CNIC) پر موجودہ پتہ تبدیل کرانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے اہم اور جامع ہدایات جاری کر دی ہیں۔

محکمے کے مطابق پتہ کی تبدیلی کا عمل مزید سہل بنا دیا گیا ہے تاکہ شہری اپنے رہائشی ریکارڈ کو درست اور اپ ٹو ڈیٹ رکھ سکیں۔

ترجمان نادرا کے مطابق پتہ کی تبدیلی کے لیے شہریوں کو رہائش ثابت کرنے والا کوئی ایک مستند دستاویزی ثبوت لازمی طور پر فراہم کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں والدین، شریکِ حیات یا اپنی ملکیت میں موجود رہائشی پتے پر بجلی، گیس یا پانی کا بل قبول کیا جائے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، جائیداد کے کاغذات، ہاؤسنگ سوسائٹی کا الاٹمنٹ لیٹر یا تصدیق شدہ کرایہ نامہ بھی بطور ثبوت جمع کروایا جا سکتا ہے۔

نادرا حکام کے مطابق شہری مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ ملک بھر کے قریبی نادرا مراکز سے رجوع کر سکتے ہیں جہاں عملہ انہیں مکمل رہنمائی اور پتہ تبدیلی کا طریقہ کار فراہم کرے گا۔

محکمے نے کہا کہ اس عمل کو شہریوں کی سہولت کے لیے نہ صرف تیز تر بنایا گیا ہے بلکہ شفافیت بھی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں آج مکمل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان

مزید سہولت کے طور پر نادرا نے شہریوں کو یہ آپشن بھی دیا ہے کہ وہ گھر بیٹھے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے پتہ تبدیلی کی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

ایپ میں مطلوبہ معلومات اور رہائش کا ثبوت اپ لوڈ کرنے کے بعد درخواست پروسیس کی جاتی ہے، جس سے دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے کی ضرورت کم ہو گئی ہے۔

نادرا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ میں رہائشی پتہ ہمہ وقت درست رکھیں، کیونکہ سرکاری خدمات، بینک اکاؤنٹس، پاسپورٹ، الیکشن ریکارڈ اور دیگر اہم قانونی امور کے لیے درست پتہ نہایت اہمیت رکھتا ہے۔

محکمے نے مشورہ دیا ہے کہ شہری وقت پر اپنا ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی سرکاری یا قانونی مرحلے کے دوران مشکلات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top