پاکستان کی ہر اچھی خبر بانی پی ٹی آئی کیلئے بری ثابت ہوتی ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کی دیواروں نے بانی پی ٹی آئی کی ذہنی حالت پر گہرا اثر ڈالا ہے اور وہ بانی ایم کیو ایم پارٹ ٹو بنتے جا رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت میں مخالفین کو دھمکیاں دیں اور ملک کو دیوالیہ کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا۔ ان کے مطابق پاکستان کیلئے آنے والی ہر اچھی خبر بانی پی ٹی آئی کیلئے بری ثابت ہوتی ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں موجود شخص آج خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس کی ذہنی کیفیت کا باقاعدہ معائنہ کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کی طبیعت ناساز ہونے کی خبریں چلائی گئیں، حالانکہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور باقاعدگی سے باہر سے کھانا منگوا کر کھاتے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ نمل یونیورسٹی آج بھی چندوں پر چل رہی ہے جبکہ پارٹی رہنما سہیل آفریدی کو بھی اربوں کھربوں کے اعداد و شمار کا ادراک نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کہیں نہیں کہا گیا کہ رقوم چوری یا کرپشن میں گئیں، اس کے باوجود جلسوں میں بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فتنہ خان کی سیاست اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، بانی پی ٹی آئی پہلے بھی اور اب بھی ملک کیلئے خطرہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان:طلباء میں کمپیوٹر سائنس کا بڑھتا رجحان

انہوں نے کہا کہ جو شخص دوسروں کے اے سی اترواتا تھا وہ آج خود کو مظلوم ظاہر کر رہا ہے، جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے بعد ان کے بیانیے کی حقیقت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ جیل میں موجود شخص صحت مند ہے اور پاکستان کے خلاف بیانیہ سازی مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے رہنما خود بانی پی ٹی آئی کے رویے سے تنگ آ چکے ہیں اور یہ حقیقت اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔

Scroll to Top