ہم ملک کے مفاد میں آگے بڑھنے کو تیار ہیں، حکومت بھی لچک دکھائے، جنید اکبر

پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر اور رکنِ قومی اسمبلی جنید اکبر نے بانی پی ٹی آئی پر عائد پابندیوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت ایک قدم آگے بڑھے تو پی ٹی آئی قیادت دو قدم آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت مسلسل پی ٹی آئی کے ارکانِ اسمبلی کو نااہلی کا نشانہ بنا رہی ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی سے 29 دن تک ملاقات کی اجازت نہ دینا واضح ناانصافی کے مترادف ہے۔

جنید اکبر نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں تشویشناک ہیں اور قومی اسمبلی میں پارٹی رہنماؤں کو بولنے کی اجازت نہ دینا جمہوری روایات کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی تقاریر نہ نشر کی جاتی ہیں اور سیاسی سرگرمیوں کو پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں منظم طریقے سے محدود کیا جا رہا ہے، جو کہ بنیادی سیاسی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر کا کہنا تھا کہ عوام کی رائے کو مسلسل نظر انداز کرنا ریاستی اداروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی نے بانی رہنما کو مائنس کر دیا ہے، سب ڈرامہ بازی ہے، فیصل واوڈا

ان کے مطابق 70 سے 80 فیصد نوجوان بانی پی ٹی آئی کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں اور موجودہ حالات میں ریاست اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں، جو سیاسی عدم استحکام کو جنم دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ادارے اسی وقت مضبوط ہوتے ہیں جب عوام ان کے ساتھ کھڑے ہوں، اور 8 فروری کے انتخابات میں عوام نے اپنے ووٹ کا بھرپور تحفظ کیا۔

جنید اکبر کا کہنا تھا کہ ملک کے سیاسی بحران کا حل مذاکرات اور برداشت میں ہے، یکطرفہ اقدامات سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top