اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کس نئی تکلیف کا شکار ہوئے؟ ڈاکٹروں نے دوائیاں تجویز کر دی ہیں

اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کس نئی تکلیف کا شکار ہوئے؟ ڈاکٹروں نے دوائیاں تجویز کر دی ہیں

سابق وزیراعظم عمران خان کو اڈیالہ جیل میں پاؤں کے تلوے میں درد، میڈیکل ٹیم نے طبی معائنہ کیا اور علاج تجویز کیا

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم اور بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے دائیں پاؤں کے تلوے میں موہکا (سی او آر این ) نکل آنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں دوائیاں تجویز کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پمز ہسپتال کی پانچ رکنی میڈیکل ٹیم نے سینٹرل جیل راولپنڈی میں عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔ ٹیم میں ایسوسی ایٹ پروفیسر جنرل فزیشن ڈاکٹر علی عارف، ایسوسی ایٹ پروفیسر جنرل سرجن ڈاکٹر طارق عبداللہ، اسسٹنٹ پروفیسر پیتھالوجی ڈاکٹر سمن وقار، سینئر رجسٹرار ڈرمیٹالوجی ڈاکٹر مبشر مشتاق ڈاہا اور لیب ٹیکنیشن نعمان اقبال شامل تھے۔

میڈیکل ٹیم نے معائنے کے بعد بتایا کہ عمران خان کے پاؤں کے تلوے کی جلد ایکسرسائز کی وجہ سے سخت ہو گئی ہے اور موہکا بننے کی وجہ سے انہیں درد ہو رہا ہے۔ ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد درد کم کرنے اور علاج کے لیے مناسب دوائیاں تجویز کی ہیں۔

جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی تندرست ہیں اور معمول کے مطابق کھانا تناول کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے ناشتے میں ملک شیک، کافی، شہد اور کھجوریں لیں، دوپہر کے کھانے میں مکس دال، چپاتی، دو فرائی انڈے اور سلاد تناول کیا، جبکہ رات کے کھانے میں ڈرائی فروٹ کے ساتھ ملک شیک نوش کیا اور پھلوں میں سیب، کیلا اور امرود کھائے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان کی صحت مجموعی طور پر بہتر ہے اور موہکا کے باعث ہونے والا درد عارضی ہے، جس کے لیے ڈاکٹروں نے مناسب طبی نگہداشت تجویز کی ہے۔

Scroll to Top