شدید برفباری اور موسم کی شدت کے باعث مانسہرہ، ناران ویلی سیاحوں کے لیے مکمل طور پر بند، پلدران سے بابوسر ٹاپ تک روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند، متبادل راستے کی ہدایت جاری
تفصیلات کے مطابق شدید موسم اور برفباری کے باعث کاغان ناران ویلی کو سیاحوں کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں عادل بہزاد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پلدران سے بابوسر ٹاپ تک کاغان روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ شمالی علاقوں کی جانب سفر کے لیے قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) استعمال کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پولیس کے انتظامات میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت تھانہ ناران سے پولیس نفری واپس بلا لی گئی ہے اور کاغان میں تمام پولیس چیک پوسٹیں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ یہ اقدام برفباری کے دوران سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، برفباری دیکھنے کے شوقین سیاح اب بھی کاغان تک سفر کر سکتے ہیں، لیکن روڈ کی بندش کی وجہ سے کسی بھی قسم کی گاڑی یا پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت ممکن نہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ کاغان روڈ آئندہ سیزن کے آغاز پر ہی کھولی جائے گی اور تب تک سیاحوں اور مقامی لوگوں سے گزارش ہے کہ محفوظ رہنے کے لیے متبادل راستے استعمال کریں۔سیاحتی مقامات پر یہ فیصلہ برفباری اور شدید سردی کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ کسی حادثے یا مشکل صورتحال سے بچا جا سکے۔





