عرفان صدیقی کے بیٹے عمران خاور صدیقی ایڈوائزر وزیراعلیٰ پنجاب مقرر

عرفان صدیقی کے بیٹے عمران خاور صدیقی کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایڈوائزر مقرر کر دیا

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے معروف سیاستدان مرحوم عرفان صدیقی کے بڑے صاحبزادے عمران خاور صدیقی کو پنجاب حکومت میں ایڈوائزر کے عہدے پر تعینات کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف مرحوم عرفان صدیقی کی خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست اپنے بیٹے عمران خاور صدیقی کو دینے کے خواہاں تھے، تاہم قانونی وجوہات کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔ عمران صدیقی اس وقت پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس حیثیت سے وہ سرکاری خزانے سے تنخواہ وصول کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے وہ سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں۔

عمران خاور صدیقی کی تعیناتی کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کے مختلف منصوبوں اور پالیسیز میں اہم مشاورتی کردار ادا کریں گے۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پارٹی کی اندرونی حکمت عملی اور مرحوم عرفان صدیقی کے سیاسی ورثے کو آگے بڑھانے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

اس تعیناتی سے مسلم لیگ ن کے حلقوں میں خوشی کی لہر ہے جبکہ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عمران خاور صدیقی کے تجربات اور موجودہ عہدے کی بنیاد پر وہ وزیراعلیٰ پنجاب کی پالیسیوں میں معاون ثابت ہوں گے۔

Scroll to Top