وزیر اعظم نے ڈاکٹر وردہ کیس کا نوٹس لے لیا، آئی جی خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ڈاکٹر وردا قتل کیس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

واقعہ پر وزیراعظم نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور اہلخانہ کو یقین دہانی کرائی کہ انہیں ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق نے ڈاکٹر وردا کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صبا صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر وردا کے قاتلوں کو ہر صورت کٹہرے میں لایا جائے گا اور ہزارہ کی بیٹی کو انصاف دلایا جائے گا۔ اگر اس کیس میں کسی بھی سطح پر کوتاہی ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر نے واقعے کے بعد کے پی حکومت اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کی بھی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیں : خبردار! کولڈ ڈرنکس پینے والوں کے لیے خطرناک حقیقت سامنے آ گئی

مذاکرات کے نتیجے میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے اور ڈاکٹر وردا کے والد کی درخواست پر احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

وزیراعظم کی ہدایت پر آئی جی خیبرپختونخوا واقعے کی مکمل رپورٹ مرتب کریں گے، جس میں قاتلوں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ شامل ہوگا۔

اس کیس پر عوامی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور انصاف کے فوری حصول پر زور دے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈاکٹر وردہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ:افسوسناک انکشافات سامنے آگئے

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نامعلوم افراد نے ڈاکٹر وردہ کو اغوا کیا تھا جس کے بعد اس کی لاش ملی، مقتولہ ڈاکٹر وردہ کی موت کیسے ہوئی؟ پوسٹ مارٹم رپورٹ کےمطابق ڈاکٹر وردہ کی موت دم گھٹنے کے باعث ہوئی،انکی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی۔

مزید شواہد کے لیے پوسٹ مارٹم کی تفصیلات فارنزک لیبارٹری بھجوا دی گئی ہیں تاکہ واقعے کے محرکات اور طریقہ واردات کی مکمل سائنسی جانچ ہو سکے۔

ادھرایبٹ آباد پولیس نے قتل کے مقدمہ میں ملوث ڈاکٹر وردا کی سہیلی ردا زوجہ وحید،ندیم ولد اورنگزیب ،پرویز ولد ایوب کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کرکے تین روز کا ریمانڈ حاصل کیا۔

مقدمہ میں مرکزی ملزمان شمریز کی گرفتاری تاحال ممکن نہیں ہو سکی ہے۔

Scroll to Top