عمران خان سے ملاقات کی دسویں کوشش، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اسلام آباد پہنچ گئے، ارکان اسمبلی کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ایک مرتبہ پھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی کوشش کے سلسلے میں اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ یہ اُن کی وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان سے ملاقات کی دسویں کوشش ہوگی۔
خیبر پختونخوا حکومت کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جمعرات کے روز اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی سعی کریں گے۔ اُن کے مطابق وزیر اعلیٰ اب تک نو مرتبہ سابق وزیراعظم سے ملاقات کی کوشش کرچکے ہیں لیکن انہیں اجازت نہیں مل سکی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی حکومت سنبھالنے کے بعد سے بانی چیئرمین کو صوبے کی سیاسی صورتِ حال، حکومت کے معاملات اور آئندہ لائحہ عمل پر بریف کرنا چاہتے ہیں، تاہم ملاقات نہ ہونے کے باعث وہ بار بار اسلام آباد کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی کے تمام حکومتی ارکانِ اسمبلی کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے، جس سے یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پارٹی قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کے لیے آج کی کوشش کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
پی ٹی آئی حلقوں میں یہ صورتحال غیر معمولی قرار دی جارہی ہے جہاں وزیراعلیٰ کی لگاتار کوششوں اور ملاقات نہ ہونے پر مختلف سیاسی سوالات جنم لے رہے ہیں۔
مزید پیش رفت کا دارومدار آج ہونے والی دسویں کوشش کے نتیجے پر ہوگا، جس پر صوبائی سیاسی منظرنامے پر اہم اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔





