گہری دھند نے ٹریفک مفلوج کر دی، موٹرویز بند کر دی گئیں

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وسیع علاقوں میں شدید دھند کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہوگیا ہے، جبکہ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث مختلف موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ صبح کے اوقات میں دھند اتنی گہری تھی کہ ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے پیشِ نظر موٹروے ایم-2 لاہور سے کوٹ سرور تک مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح

ایم-3 رجانہ سے درخانہ تک
ایم-4 فیصل آباد سے ملتان تک
ایم-5 ملتان شیر شاہ انٹرچینج سے ظاہر پیر تک
ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بھی دھند کے باعث صورتحال بہتر نہیں، جہاں موٹروے ایم-1 پشاور سے رشکئی تک ٹریفک کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے وسطی اضلاع میں فضائی آلودگی (سموگ) کی صورتحال برقرار ہے، جو شدید دھند کے ساتھ مل کر حدِ نگاہ کو مزید متاثر کر رہی ہے۔ عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق جمعرات کی صبح 9 بجے ایئر کوالٹی کی صورتحال انتہائی خراب ریکارڈ کی گئی، جس میں

فیصل آباد میں پارٹیکولیٹ میٹر 814
گوجرانوالہ میں 404
ملتان میں 261
لاہور میں 218تک پہنچ گیا۔

ماہرین کے مطابق یہ سطح انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے اور شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو گھر سے باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

شدید دھند اور سموگ کی موجودہ صورتحال نے نہ صرف ٹریفک بلکہ کاروباری اور روزمرہ سرگرمیوں کو بھی شدید متاثر کیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک دھند کے سلسلے میں کمی کا کوئی امکان نہیں۔

Scroll to Top