وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی ہدایات پر صوبے میں سرکاری اداروں کی بھرتیوں کے نظام میں اہم اصلاحات متعارف کرا دی گئی ہیں۔
صوبائی محکمہ ہائر ایجوکیشن نے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب تمام سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں بھرتیاں ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ایٹا) کے ذریعے کی جائیں گی۔
صوبائی حکومت کی جانب سے اس فیصلے کے تحت نیم خود مختار اداروں کو دی گئی تمام سابقہ استثنٰی بھی ختم کر دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانا اور صوبے بھر میں بھرتیوں کے لیے یکساں نظام نافذ کرنا ہے۔
مختلف محکموں کے الگ طریقۂ کار کے باعث شفافیت پر سوالات اور امیدواروں کو مشکلات کا سامنا رہتا تھا جس کے باعث پالیسی کو سخت اور مربوط بنایا گیا ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ ایٹا کے ذریعے بھرتیوں سے ٹیسٹنگ کے معیار میں بہتری آئے گی اور تمام امیدواروں کو برابر مواقع ملیں گے۔
صوبائی حکومت نے واضح کیا ہے کہ میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور بھرتیوں کے عمل کی سخت نگرانی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری بھرتیاں پرائیوٹ ٹیسٹنگ ایجنسی کے زریعے نہ کرنے کا فیصلہ
حکام کے مطابق نیا نظام سیاسی مداخلت اور غیر شفاف طریقۂ کار کے امکانات کم کرے گا اور نوجوانوں کو ایک منصفانہ پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔





