ملک کے کن حصوں میں برفباری اور بارشیں متوقع ہیں؟ موسم کی تازہ ترین صورتحال جانئے

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ جمعے کے روز سے ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں موسم ایک بار پھر تبدیل ہوگا اور ہفتہ وار تعطیلات کے دوران مختلف مقامات پر بارش، گرج چمک اور بلندی والے علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔

محکمہ کے مطابق ایک کمزور مغربی نظام 12 دسمبر کی رات پاکستان کے مغربی حصوں میں داخل ہوگا، جو خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش، کہیں کہیں گرج چمک اور شمالی پہاڑی علاقوں میں برف باری کا باعث بن سکتا ہے۔

محکمہ نے بتایا کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، ملاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، گلگت بلتستان اور کشمیر میں 13 سے 15 دسمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ

باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، کوئٹہ، زیارت، ژوب، شیرانی، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور نوشکی میں بھی 14 اور 15 دسمبر کو موسم سرما کی پہلی بارش یا گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور پوٹھوہار کے میدانی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی جبکہ مری اور گلیات میں معمولی بارش اور ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔

ادھر ملک کے میدانی حصوں خصوصاً پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ — میں 12 سے 16 دسمبر کی راتوں کے دوران معتدل سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس سے حدِ نگاہ میں کمی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ 19 دسمبر سے ایک اور مغربی سسٹم ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں پر اثر انداز ہوگا، جس سے موسم میں مزید تبدیلی آسکتی ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر میں جاری کردہ ایک رپورٹ میں ماہرین نے خبردار کیا تھا کہ اس سال ملک بھر میں گزشتہ کئی دہائیوں کے مقابلے میں زیادہ سخت سردی پڑنے کا امکان ہے۔ بحرالکاہل کے درجہ حرارت میں کمی عالمی موسمیاتی پیٹرن کو متاثر کر رہی ہے، جس کے باعث خصوصاً خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں موسم زیادہ شدید ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

Scroll to Top