پیٹرول پمپس بند ہونے کا خدشہ، پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسو سی ایشن کا اہم اعلان سامنے آگیا

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومتی پیشکش کو ناکافی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی بندش پر غور کیا جائے گا۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسّمیع خان نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ ڈیلرز نے حکومت سے 8 فیصد مارجن کا مطالبہ کیا تھا اور موجودہ شرح پر کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔

ان کے مطابق اگر حکومت نے مارجن 8 فیصد تک نہیں بڑھایا تو پیٹرول پمپس بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ملک کے کن حصوں میں برفباری اور بارشیں متوقع ہیں؟ موسم کی تازہ ترین صورتحال جانئے

انہوں نے واضح کیا کہ ڈیلرز حکومت کو 10 دن کی مہلت دے رہے ہیں، جس کے بعد کور کمیٹی کا اجلاس بلا کر آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

عبدالسّمیع خان کا کہنا تھا کہ فی الحال ڈیلرز کا مارجن 3.12 فیصد ہے، جبکہ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت تحریری طور پر 8 فیصد مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کرائے۔

چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ اگر حکومت چاہے تو یہ اضافہ مرحلہ وار یعنی قسطوں میں بھی کر سکتی ہے، لیکن شرح میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے۔

Scroll to Top