گلگت بلتستان میں عام انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
جی بی کونسل نے آج انتخابی شیڈول سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے بتایا کہ نئے انتخابات 24 جنوری 2026 کو منعقد ہوں گے۔ یہ انتخابات گزشتہ ماہ قانون ساز اسمبلی کی پانچ سالہ آئینی مدت پوری ہونے کے بعد کرائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ملک کے کن حصوں میں برفباری اور بارشیں متوقع ہیں؟ موسم کی تازہ ترین صورتحال جانئے
نوٹیفکیشن کے مطابق صدرِ پاکستان نے گلگت بلتستان آرڈر 2018 کی شق 48-A(1) اور الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 57(1) کے تحت انتخابات کے انعقاد کی منظوری دی ہے۔ قانون کے مطابق اسمبلی کی مدت پوری ہونے کے 60 روز کے اندر نئے انتخابات کرانا لازم ہے۔
اسمبلی کی تحلیل کے بعد نگراں سیٹ اپ قائم کر دیا گیا تھا اور ریٹائرڈ جج یار محمد کو نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان اسمبلی کی کل 33 نشستیں ہیں جن میں 24 عام، تین خواتین اور تین ٹیکنوکریٹ کی نشستیں شامل ہیں۔
گلگت بلتستان میں گزشتہ عام انتخابات 15 نومبر 2020 کو ہوئے تھے جن میں تحریکِ انصاف نے واضح برتری حاصل کر کے حکومت بنائی اور خالد خورشید وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔
تاہم جولائی 2023 میں جی بی چیف کورٹ نے خالد خورشید کو نااہل قرار دے دیا۔ ان کی نااہلی کے بعد پی ٹی آئی کے ناراض دھڑے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مخلوط حکومت نے حاجی گلبر خان کو وزیر اعلیٰ منتخب کیا۔
نئے انتخابات کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ہے جبکہ مختلف جماعتیں انتخابی مہم کی تیاریوں کا آغاز کر چکی ہیں۔





