اسلام آباد: پاکستان آرمی نے 35 ویں نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنرل ٹرافی اپنے نام کرلی، واپڈا دوسرے اور نیوی تیسرے نمبر پر رہی۔
صوبوں میں پنجاب نے پہلی اور سندھ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگی، جس میں باقاعدہ اختتام کا اعلان کیا جائے گا۔
نیشنل گیمز کے آخری روز فٹبال ایونٹ کا ٹائٹل پاکستان ایئر فورس نے پاکستان آرمی کو شکست دے کر جیت لیا، واپڈا نے تیسری اور نیوی نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ فائنل میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے رکن اور فیفا ریفری احمد رؤف بھی موجود تھے۔
باورنگ مقابلوں میں پاکستان آرمی نے مرد و خواتین مقابلوں میں مجموعی طور پر 12 گولڈ میڈلز جیت کر واضح برتری حاصل کی۔
مردوں میں پانچ گولڈ اور چار سلور جبکہ خواتین میں سات گولڈ اور ایک سلور میڈلز کے ساتھ پاکستان آرمی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ نیوی اور واپڈا نے مردوں اور خواتین میں میڈلز جیت کر دوسری اور تیسری پوزیشنیں حاصل کیں۔
کراٹے میں پاکستان آرمی نے مردوں میں چھ اور خواتین میں چار گولڈ میڈلز کے ساتھ ایونٹ اپنے نام کرلیا۔
شوٹنگ میں بھی آرمی نے 17 گولڈ، 16 سلور اور 5 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، نیوی نے 15 گولڈ، 12 سلور اور 13 برانز میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں : فیض حمید 9 مئی واقعات اور لانگ مارچ کے ڈائریکٹر تھے، عمران خان کا ٹرائل بھی ملٹری کورٹ میں ہوسکتا ہے، رانا ثنا
پاکستان آرمی نے واپڈا کو ہرا کر مینز بیس بال ایونٹ جیتا، جبکہ خیبرپختونخوا نے پنجاب کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بیڈ منٹن کے مینز اور ویمنز سنگلز کا ٹائٹل واپڈا کے کھلاڑیوں عرفان سعید اور ماحور شہزاد کے نام رہا، جبکہ آرمی کے راجا حسنین اور عمارہ اشتیاق نے ڈبل کراؤن مکمل کیا۔ ہاکی میں مینز ٹائٹل پاکستان آرمی اور ویمنز ٹائٹل واپڈا کے نام رہا۔
تھرو بال کے نمائشی مقابلے بھی شروع ہو گئے، جن کا افتتاح سیکرٹری کلچر و سیاحت خیر محمد کلوڑ نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان تھرو بال فیڈریشن کے عہدیداران اور پاکستان کیچ بال فیڈریشن کی صدر بھی موجود تھیں۔
پاکستان آرمی نے 35 ویں نیشنل گیمز میں اپنی برتری قائم کرتے ہوئے ہر ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی، اور ملک بھر کے کھلاڑیوں نے بھرپور مقابلہ کیا۔





