مانسہرہ میں بجلی پول پر آگ لگنے سے لائن مین جھلس کر جاں بحق

مانسہرہ: ایک افسوسناک واقعہ میں مانسہرہ کے علاقے ٹھاکرہ میں بجلی کا کام کرتے ہوئے لائن مین عبدالقدوس بجلی کے پول پر آگ لگنے کے باعث جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق عبدالقدوس بجلی ٹھیک کر رہا تھا کہ اچانک پول میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں وہ بری طرح جھلس گیا۔

اس کے ساتھی لائن مین نے زخمی عبدالقدوس کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم بجلی کے کرنٹ اور آگ کی شدت کے باعث وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ واقعے کے بعد ساتھی لائن مین نے سوال اٹھایا کہ کام کے دوران چھ فیڈرز پر بجلی کی بندش کے باوجود اچانک بجلی کس طرح بحال کی گئی، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں محکمہ موسمیات کی تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی

دوسری جانب شہریوں نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے حادثات کی روک تھام کے لیے انتظامیہ کو بہتر حفاظتی تدابیر اپنانا ہوں گی تاکہ مزید جانوں کا ضیاع نہ ہو۔

مقامی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Scroll to Top