اب آزادی حاصل کرکے ہی واپس لوٹیں گے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا جلسے سے خطاب

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کا جیل سے واضح پیغام موصول ہو چکا ہے، اب آزادی حاصل کرکے ہی واپس لوٹیں گے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے زیرِاہتمام ضلع کوہاٹ جلسے میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت پارٹی کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی اور پرجوش خطابات کیے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ اب ہمارا عزم ہے کہ یا تو آزادی لے کر واپس آئیں گے یا کفن میں لپٹے ہوئے لوٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جن اداروں سے انصاف کی توقع تھی وہ انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں حتیٰ کہ عدالتوں کے ججز ہم سے ملاقات تک گوارا نہیں کرتے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عمران خان کی اہلیہ کو جعلی مقدمات میں ناحق قید کیا گیا جو سراسر ناانصافی ہے۔

سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاہور کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے والی اور جعلی طریقے سے پنجاب کی وزیراعلیٰ بننے والی آج ہمیں مشورے دے رہی ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صرف عمران خان کی پالیسی چلے گی اور اسی کا راج ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے مقبول اور قبولِ رہنما ہیں، انہوں نے ہی کارکنوں کی سیاسی تربیت کی ہے اور ہم اسی کی قیادت کو تسلیم کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا کوہاٹ جلسہ ناکام ثابت ہوا، بیرسٹر عقیل ملک

جلسے سے پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما شفیع جان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ آپ تحریکِ انصاف پر پابندی لگانے اور عمران خان پر غداری کے مقدمات بنانے کی باتیں کرتے رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل کہا گیا تھا کہ عمران خان کا سیاسی مستقبل ختم ہو چکا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Scroll to Top