نیشنل گیمز میں خیبر پختونخوا کی شاندار کارکردگی، 69 میڈلز اپنے نام کر لیے

خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 69 میڈلز اپنے نام کیے۔

خیبرپختونخوا نے 5 گولڈ، 18 سلور اور 46 برانز میڈلز حاصل کر کے مجموعی میڈلز کی بنیاد پر آٹھویں جبکہ صوبوں میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کراچی میں منعقدہ 35ویں نیشنل گیمز اختتام پذیر ہوگئے ہیں، جن میں خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

کراٹے میں ایک گولڈ اور پانچ برانز، جوڈو میں ایک گولڈ، دو سلور اور پانچ برانز میڈلز جیتے گئے، ٹیبل ٹینس میں بھی خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے ایک گولڈ اور دو برانز میڈلز حاصل کیے۔

باڈی بلڈنگ میں ایک گولڈ، ایک سلور اور دو برانز جبکہ سیلنگ میں ایک گولڈ، دو سلور اور چار برانز میڈلز صوبے کے حصے میں آئے۔

اسی طرح تائیکوانڈو میں پانچ سلور اور نو برانز، فینسنگ میں دو سلور اور دو برانز، سکواش میں دو سلور اور ایک برانز جبکہ ووشو میں ایک سلور اور دو برانز میڈلز جیتے گئے۔

باکسنگ میں ایک سلور اور دو برانز، ٹینس میں چار برانز اور بیڈمنٹن میں دو برانز میڈلز حاصل کیے گئے، اس کے علاوہ ہینڈ بال، بیس بال، ویٹ لفٹنگ، کبڈی، ریسلنگ اور ایتھلیٹکس میں بھی ایک ایک برانز میڈل حاصل کیا گیا۔

نیشنل گیمز کے اختتام پر مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد ترند اور ڈی جی سپورٹس خیبر پختونخوا تاشفین حیدر نے کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی مجموعی کارکردگی قابلِ تحسین ہے اور گزشتہ نیشنل گیمز کے مقابلے میں اس بار صوبے نے زیادہ میڈلز حاصل کیے ہیں جو کھیلوں کے شعبے میں مثبت پیش رفت کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل گیمز کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے کامیابیوں سے سیکھنے اور خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید محنت، لگن اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے خیبر پختونخوا کے کھلاڑی آئندہ نیشنل گیمز میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی سب سے آگے، 258 میڈلز کے ساتھ سر فہرست

واضح رہے کہ 2023 میں کوئٹہ میں منعقدہ 34ویں نیشنل گیمز میں خیبر پختونخوا نے مجموعی طور پر 49 میڈلز حاصل کیے تھے جن میں چار گولڈ، چھ سلور اور 39 برانز میڈلز شامل تھے۔

Scroll to Top