ایبٹ آباد کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہارون رشید نے ڈاکٹر وردہ قتل کیس کے بارے میں میڈیا کو اہم تفصیلات فراہم کر دیں۔
ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید نے ڈاکٹر وردہ قتل کیس کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 4 دسمبر کو پولیس کو ڈاکٹر وردہ کی گمشدگی کی رپورٹ موصول ہوئی تھی اور چار روز بعد ان کی لاش برآمد ہوئی۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد چار ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ مرکزی ملزم شمعریز روپوش تھاجو پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
ڈی پی او نے کہا کہ پولیس شمعریز کی گرفتاری کے لیے متعدد چھاپے مار رہی تھی اور اسے موبائل ڈیٹا کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔
شمعریز اور اس کے دو ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے دوران شمعریز اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا۔
ڈی پی او ہارون رشید کے مطابق پولیس اب شمعریز کے دیگر دو ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے اور جلد گرفتار کرنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر وردہ کیس،صوبائی حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دیدی
ڈی پی او ہارون رشید نے مزید کہا کہ ڈاکٹر وردہ قتل کے دیگر ملزمان ریدا جدون، ندیم پرویز اور وحید کو بھی گرفتار کر کے سزا دلائی جا چکی ہے، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے گی۔





