آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے سڈنی کے بونڈی ساحل پر فائرنگ واقعے کو دہشتگردی قرار دے دیا۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے سڈنی کے بونڈی ساحل پر اتوار کی شام ہونے والے حملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ خاص طور پر یہودی کمیونٹی کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بونڈی میں یہودی کمیونٹی اپنے مذہبی تہوار حنوکا کے موقع پر خوشی کے ساتھ جمع تھی اور دہشت گردانہ حملے میں زیادہ تر مرنے والے آسٹریلوی شہری تھے۔
البانیز نے یہودی کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یقین دلایا کہ آئندہ تحفظ کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے اور قومی اتحاد کے ذریعے تمام شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوری ایکشن کی وجہ سے کئی جانیں بچائی جا سکیں۔
دو مسلح افراد نے بونڈی ساحل کے قریب ایک اونچے مقام سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
ایک حملہ آور کو پولیس نے ہلاک کر دیا جبکہ دوسرے کو 43 سالہ مسلم شہری احمد ال احمد نے بہادری سے قابو پایا اور اس دوران وہ خود بھی دو گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے مگر ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یروشلم پوسٹ کا جھوٹ پکڑا گیا، پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا ناکام، نوید اکرم افغانی نژاد نکلا
حراست میں لیے گئے حملہ آور کی شناخت نوید اکرم کے طور پر ہوئی جبکہ ہلاک حملہ آور مان ہارون مونس تھا، شہری احمد ال احمد کی بہادری کی وجہ سے متعدد جانیں محفوظ رہیں اور دوسرا حملہ آور قانون کے شکنجے میں آیا۔





