سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 15 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پرتحصیل کلاچی کے علاقے میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کاروائی کی ۔
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں مادرِ وطن کے بہادر سپوت نائیک یاسر خان دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہلاک ہونے والے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ہلاک ہونے والے دہشت گردعلاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس/سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی بلا تعطل مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔





