نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو ب فارم پر درج تاریخ پیدائش میں ترمیم کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
ب فارم جسے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی کہا جاتا ہے پاسپورٹ کے اجرا، تعلیمی اداروں میں داخلے اور بچوں کے بین الاقوامی سفر کے لیے ایک اہم دستاویز شمار ہوتا ہے۔
نادرا کے مطابق والدین اب ب فارم کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں، کیونکہ ادارے نے اپنے ڈیجیٹل نظام کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طویل قطاروں کے مسئلے کو ختم کرنا اور رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے، جس کے تحت پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے درخواست دی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیس ادائیگی اور فارم کی تصدیق ، نادرا نے شہریوں کیلئے آسانی پیدا کردی
نادرا نے ب فارم پر تاریخ پیدائش کی درستگی کے طریقہ کار کی بھی وضاحت کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک سوال کے جواب میں ادارے نے بتایا کہ اگر ب فارم کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہو تو والدین کو سب سے پہلے متعلقہ یونین کونسل سے تاریخ پیدائش کی تصحیح کروانا ہوگی۔ اس کے علاوہ شہری درست تاریخ پیدائش کے ثبوت کے ساتھ کسی بھی نادرا رجسٹریشن سینٹر سے بھی رجوع کر سکتے ہیں، جہاں اصل سفری دستاویزات، تعلیمی اسناد، سروس ریکارڈ یا میڈیکل ریکارڈ کو قابل قبول ثبوت کے طور پر تسلیم کیا جائے گا۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی قسم کی تصحیح کی درخواست دینے سے قبل تمام دستاویزات کی درستگی اور تصدیق کو یقینی بنایا جائے تاکہ درخواست پر کارروائی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ آن لائن طریقہ کار کے تحت والدین پاک آئی ڈی ایپ پر اکاؤنٹ بنا کر یا لاگ ان ہو کر ب فارم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، مطلوبہ معلومات اور دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے بعد فنگر پرنٹس کی تصدیق مکمل کی جاتی ہے، جس کے بعد ب فارم کو براہ راست ایپ کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔





