وفاقی وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں سوشل میڈیا کا استعمال کر رہی ہیں جبکہ کچھ عناصر ملکی سلامتی کےدرپے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب انہوں نے بتایا کہ پاکستان کیخلاف ہونے والی دہشتگردی کے حوالے سے عالمی میڈیا کو بھی بریفنگ دی گئی ہے، حکومت ہر سطح پر آزادی اظہار رائے کے حق کا احترام کرتی ہے مگر ملکی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
طلال چودھری نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی منظم طریقے سے ملکی اداروں کے خلاف مہم چلا رہی ہے اور طویل عرصے سے سوشل میڈیا پر پراپیگنڈا کرتی آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ پیسے لے کر سوشل میڈیا پر ٹرینڈز چلاتے ہیں اور ایک ایک میسج کے لیے ادائیگی کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں کمی کا اعلان کردیا
وزیر مملکت نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرون ملک سے چلائے جا رہے ہیں اور فیک اکاؤنٹس بنا کر پراپیگنڈا پر مبنی ٹرینڈز چلائے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹا بیانیہ بنانے میں زیادہ تر بیرون ملک بیٹھے عناصر ملوث ہیں اور ایسے عناصر کو انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر دوبارہ یہ سرگرمیاں کی گئیں تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
طلال چودھری نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والے تمام ٹرینڈز حقیقی نہیں بلکہ پراپیگنڈا پر مبنی ہیں اور باقاعدہ بیرون ملک بیٹھی کمپنیوں کے ساتھ مل کر انہیں منظم طریقے سے چلایا جاتا ہے۔
وزیر مملکت نے دہشتگردی کے حوالے سے کہا کہ پاکستان دنیا میں کہیںپر بھی ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور خود بھی دہشتگردی سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ دہشتگرد کسی مذہب یا ملک سے تعلق نہیں رکھتے، بلکہ مذہب کو سہارا لے کر اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں۔





