سی ایس ایس کا امتحان دینےکے خواہشمندوں کے لئے خوشخبری

اسلام آباد: فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس 2026 کے امتحانات کے طریقۂ کار میں اہم تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیشن نے امیدواروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سی ایس ایس امتحان میں لازمی مضامین کے پرچے اب ایک ہی دن میں صرف ایک لیے جائیں گے، جبکہ اس سے قبل ایک دن میں دو لازمی مضامین کے پرچے منعقد کیے جاتے تھے۔

ایف پی ایس سی کے مطابق یہ فیصلہ سی ایس ایس امتحان 2026 سے فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور تاحکم ثانی برقرار رہے گا۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد امیدواروں پر امتحانی دباؤ کم کرنا اور امتحانات کے انعقاد کو مزید منظم اور مؤثر بنانا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امتحانی طریقۂ کار میں اس ترمیم سے نہ صرف امیدواروں کو بہتر تیاری اور توجہ کا موقع ملے گا بلکہ امتحانی عملے اور انتظامات کو بھی بہتر انداز میں ترتیب دیا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں : جیل سیاسی دفتر نہیں، قیدیوں کو قانون کے مطابق سہولیات ملتی ہیں، عطا تارڑ

ایف پی ایس سی نے بتایا کہ سی ایس ایس 2026 کا تفصیلی امتحانی شیڈول اور ٹائم ٹیبل جلد جاری کیا جائے گا تاکہ امیدوار بروقت تیاری کر سکیں۔

واضح رہے کہ سی ایس ایس امتحانات ملک بھر میں منعقد کیے جاتے ہیں جن میں ہر سال ہزاروں امیدوار اعلیٰ سرکاری ملازمتوں کے لیے شرکت کرتے ہیں۔

ایف پی ایس سی کی جانب سے کی جانے والی اس تبدیلی کو امیدواروں کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top