پشاور: پشاور میں مچنی گیٹ پولیس کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں شہر میں خوف و ہراس پھیلانے والے خطرناک ڈکیت گروہ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
کیپیٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق مچنی گیٹ پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے بروقت اور منصوبہ بند کارروائی کرتے ہوئے وارداتوں میں ملوث دو انتہائی خطرناک ملزمان کو ہلاک کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ گروہ ورسک روڈ اور دیگر علاقوں میں شام کے وقت ڈکیتی اور سنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا اور طویل عرصے سے پولیس کی نظر میں تھا۔
ایس ایچ او مچنی گیٹ مدثر حیات خان، ایڈیشنل ایس ایچ او سید جمال شاہ اور پیر بالا چوکی کے انچارج احتشام خان کو مصدقہ ذرائع سے اہم معلومات موصول ہوئیں، جس کے بعد حکمت عملی کے تحت کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
کارروائی کے دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کے شمال مغربی صوبے تبوک میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان شہریوں کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے تھے اور شہر میں متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
علاقہ مکینوں نے پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مچنی گیٹ پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین حکمت عملی کے ذریعے نہ صرف ایک بڑے خطرے کو ختم کیا بلکہ شہریوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا۔
عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پولیس اسی جذبے کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی اور شہری علاقوں میں امن و امان قائم رہے گا۔





