جیل سپرنٹنڈنٹ وزیر اعلیٰ کو عمران خان سے ملنے سے روک رہے ہیں، شفیع جان

اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ اس قدر طاقتور ہو چکے ہیں کہ وہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے روک رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اگر وفاق خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانا چاہتا ہے تو اپنا شوق پورا کر لے۔

پروگرام کے دوران شفیع جان نے سوال اٹھایا کہ آخر خیبر پختونخوا میں ایسے کون سے غیر معمولی حالات ہیں جن کی بنیاد پر گورنر راج لگانے کی بات کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور وفاق کے درمیان جتنا ورکنگ ریلیشن شپ ہونا چاہیے، وہ موجود ہے، تاہم اس کے باوجود وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہر جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جاتے ہیں، تاہم آج وہ ملاقات کے لیے نہیں جا رہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے بھی فون پر ملاقات کروانے کا مطالبہ کیا گیا تھا مگر تاحال اس کا کوئی جواب نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیں : بھیک مانگنے پر کتنے ہزار پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے، حکومت نے بتادیا

شفیع جان کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ اتنے بااختیار ہیں کہ وہ نہ صرف وزیر اعلیٰ کی ملاقات روک رہے ہیں بلکہ آئین اور ہائی کورٹ کے احکامات کو بھی خاطر میں نہیں لا رہے۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ تحریک سے متعلق معاملات کی ذمے داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو سونپی گئی ہے اور ان دونوں رہنماؤں کے فیصلوں کو پارٹی قبول کرے گی، جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے آئندہ سال جنوری میں پاکستان آنے کا عندیہ دیا ہے۔

Scroll to Top