چیف آف ڈیفنس فورسز کے دورہ امریکا سے متعلق رائٹرز کی خبر درست نہیں، دفتر خارجہ

چیف آف ڈیفنس فورسز کے دورہ امریکا سے متعلق رائٹرز کی خبر درست نہیں، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے رائٹرز کی خبر کی سختی سے تردید کر دی، فیلڈ مارشل کے امریکا دورے اور ٹرمپ سے ملاقات کی خبریں من گھڑت قرار۔

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کی اس رپورٹ کی سختی سے تردید کر دی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا کا دورہ کرنے جا رہے ہیں اور اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ میڈیا میں گردش کرنے والی رپورٹس کا بغور جائزہ لیا گیا ہے، تاہم پاکستان حکومت یا دفتر خارجہ کے پاس فیلڈ مارشل کے کسی مجوزہ دورۂ امریکا یا صدر ٹرمپ سے ملاقات سے متعلق کوئی مصدقہ معلومات موجود نہیں ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے ممکنہ دورے سے متعلق رائٹرز کی خبر حقائق کے منافی ہے اور اس حوالے سے نہ تو کسی قسم کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی حتمی فیصلہ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی اعلیٰ سطح کے سرکاری دورے یا ملاقات کا اعلان ہمیشہ حکومت پاکستان باضابطہ سرکاری ذرائع سے کرتی ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے بھی رائٹرز کی رپورٹ کو بے بنیاد، من گھڑت اور افسانوی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی خبریں حقائق کے برعکس اور گمراہ کن ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکا میں فی الوقت کسی اعلیٰ سطح کی ملاقات کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ فلسطین کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف واضح اور دوٹوک ہے، جس کا اظہار نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ پہلے ہی کر چکے ہیں، اور اس حوالے سے پاکستان کی پالیسی میں کوئی ابہام نہیں ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی ایس ایف (آئی ایس ایف) سے متعلق کسی بھی فیصلے کو جمہوری روایات کے مطابق اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی، اور اس ضمن میں بھی کسی قسم کی قیاس آرائیوں کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔

دفتر خارجہ اور سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی اعلیٰ سطح کے سرکاری دورے، ملاقات یا پالیسی فیصلے سے متعلق خبروں کی تصدیق صرف اور صرف سرکاری اعلامیے کے ذریعے ہی کی جائے گی، لہٰذا عوام اور میڈیا غیر مصدقہ رپورٹس پر انحصار کرنے سے گریز کریں۔

Scroll to Top