سونا دوبارہ مہنگا، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ 2,200 روپے اضافہ، عالمی سطح پر بھی فی اونس 22 ڈالر مہنگا
تفصیلات کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آج سونے کی قیمت میں 2,200 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا 455,762 روپے پر پہنچ گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1,800 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ 390,742 روپے تک جا پہنچی ہے۔ اس دوران فی تولہ چاندی کی قیمت میں بھی 78 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور نئی قیمت 6,900 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، جہاں فی اونس سونا 22 ڈالر کے اضافے کے بعد 4,334 ڈالر پر پہنچ گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ اور مقامی کرنسی کی قدر میں تبدیلی کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی نظر آتے ہیں۔
صرافہ مالکان اور ماہرین سرمایہ کاروں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ موجودہ صورتحال میں سونا خریدنے یا فروخت کرنے سے قبل مارکیٹ کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ ضرور لیا جائے، کیونکہ سونے کی قیمت میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔





