وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے گورنمنٹ شہید مبین شاہ آفریدی ہائیر سیکنڈری سکول پشاور کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کےدوران محمد سہیل آفریدی نے تعلیمی ماحول کا تفصیلی جائزہ لیا اور انتظامی و تدریسی عملے سے براہِ راست گفتگو کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں موجود سہولیات کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
یہ بھی پڑھیں : اورکزئی: تین سالہ بچی کے قتل کے ملزمان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک
انہوں نے ہدایت کی کہ نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر تمام طلبہ کو مفت درسی کتابوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے متعلقہ حکام کو تمام سرکاری سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ اخلاقیات کو بطور مضمون نصاب کا حصہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ تعلیم کے ساتھ تربیت نہایت ضروری ہے، جو انسان کو باکردار، ذمہ دار اور کامیاب بناتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں سرکاری اداروں میں میرٹ کی خلاف ورزی کے الزامات
انہوں نے سکول انتظامیہ اور تدریسی عملے پر زور دیا کہ وہ معیاری تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور سرکاری سکولوں میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اساتذہ اور ڈاکٹرز معاشرے کے اہم ستون ہیں، اساتذہ کے ہاتھ میں بچوں کا مستقبل جبکہ ڈاکٹرز کے ہاتھ میں عوام کی صحت ہوتی ہے۔
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے طلبہ سے بھی خطاب کیا اور انہیں محنت، یکسوئی اور واضح مقصد کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ جس بھی شعبے کا انتخاب کریں، اس میں مہارت اور کمال حاصل کریں تاکہ ملک و قوم کا نام روشن ہو۔





