انسدادِ دہشت گردی عدالت کے احکامات پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر نامزد افراد کے خلاف اشتہاری کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
عدالتی حکم کے تحت مختلف مقامات پر طلبی کے نوٹسز چسپاں کر دیے گئے ہیں۔
جوڈیشل کمپلیکس اسلام آبادکے مختلف حصوں میں بھی عدالت میں پیشی سے متعلق نوٹسز آویزاں کیے گئے ہیں۔
ان نوٹسز میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی، مینا خان، امجد خان، شفیع اللہ جان اور امجد آفریدی کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت کی جانب سے یہ کارروائی انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 87 کے تحت کی گئی ہے۔
نوٹسز میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کر رہے یا روپوش ہیں۔
عدالتی نوٹسز کے مطابق ملزمان کو عدالت میں پیش ہونے کا آخری موقع دیا جا رہا ہے،اگر سیکشن 87 کے تحت جاری کارروائی کے دوران پیشی نہ دی گئی تو قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





