وزیراعظم شہباز شریف کا امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، قومی دن پر مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے قومی دن کے موقع پر امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

وزیراعظم نے امیرِ قطر، شاہی خاندان، قطری حکومت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد دی اور قطر کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے امیرِ قطر کی قیادت اور عالمی سطح پر قطر کے کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ اور کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے غزہ میں قیامِ امن کے لیے قطر کی سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک افغان کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات میں قطر کے سہولت کار کردار کو سراہا۔

امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے قومی دن پر مبارکباد دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

Scroll to Top