اخونزادہ فضل الحق
مردان۔ ضلعی انتظامیہ کا رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے تحصیل کی سطح پر مانیٹرنگ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مردان کی تحصیل رستم میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں روزہ داروں کو مناسب داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تحصیل رستم سمیت تمام تحصیلوں میں مانیٹرنگ ڈیسک کام کریں گے جو اس حوالے سے عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں گے۔
انہوں نے رستم میں نوجوانوں کے لیے یوتھ ڈیویلپمنٹ یونٹ، لائبریری قائم کرنے اور عید کے بعد سپورٹس گالا کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم اور علاقے سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی طفیل انجم، اسسٹنٹ کمشنر بنی آمین سرکاری محکموں کے افسران اور علاقے عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔
علاقے کے لوگوں نے رستم ہسپتال میں ادویات کی نایابی نائٹ شفٹ میں لیڈی ڈاکٹر کی عدم موجودگی، سکولوں میں مسنگ فیسلٹیز، ڈبہ پٹرول پمپس اور منتخب کونسلرز کو با اختیار بنانے سمیت مختلف مسائل بیان کیے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا تعلیمی اداروں کو خود کفیل بنانے کا عزم
معاون خصوصی طفیل انجم نے بعض علاقوں میں گلی کوچوں کی پختگی اور دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں غیر قانونی مائننگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور غیر قانونی لیز فوری طور پر منسوخ کیے جائیں گے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر مردان کو ہدایت کی کہ ملندری میں زمین کے تنازع کے پر امن حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا کے تحت ضلع میں 21 روزہ صفائی مہم جاری ہے اور رستم کے عوام اس مہم میں انتظامیہ اور ٹی ایم اے سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ رستم ہسپتال میں ایک ہفتے کے اندر لیڈی ڈاکٹر تعینات کی جائے گی جبکہ ہسپتال کو فوری طور پر ضروری ادویات فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے ٹریفک کے نظام میں بہتری اور ناجائز تجاوزات کے خلاف جلد ہی کاروائی کا یقین دلایا۔
بعدازاں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مردان نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر رستم ٹائپ ڈی کیٹگری ہسپتال کیلئے دو لیڈی ڈاکٹرز کی تعیناتی کے احکامات جاری کردیئے۔