مادری زبانوں پر ترجیح دینے کا مطالبہ، سینیٹر افراسیاب خٹک کا اہم بیان

پشاور: نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی رہنما، سینیئر سیاستدان سینیٹر افراسیاب خٹک نے مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر پختون ڈیجیٹل کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مادری زبان انسان کی سوچ، جذبات اور ثقافت کا عکاس ہوتی ہے

زبانیں قوموں کی اصل پہچان بن کر ان کی تاریخ، روایات اور عقائد کو محفوظ رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کے نظام میں مادری زبان کو ترجیح دی جانی چاہیے کیونکہ یہ بچوں کے لئے سیکھنے اور سمجھنے کا سب سے قدرتی اور مؤثر طریقہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک پاکستان کی افغانستان کے بارے میں بنیادی پالیسی تبدیل نہیں کی جاتی، افغانستان کے ساتھ وفود بھیجنے سے کوئی حقیقی پیش رفت نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں حقیقت پسندانہ اور متوازن حکمت عملی اپنائی جائے، نہ کہ محض ظاہری اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا، مادری زبان کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد

انہوں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ افغان عوام کی مشکلات کے پیش نظر پاکستان کو مثبت اور جامع پالیسی اپنانی چاہیے۔

Scroll to Top