آج فیصلہ کن معرکہ! انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں پاک بھارت ٹاکرا

آج فیصلہ کن معرکہ! انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں پاک بھارت ٹاکرا

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے لٹل اسٹار آج یو اے ای میں اے سی سی انڈر 19ایشیا کپ کے فائنل میں مد مقابل ہونگے ۔

تفصیلات کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے انڈر 19 اسٹارز آج دبئی میں اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ کرکٹ شائقین کو ایک سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، جہاں دونوں ٹیمیں ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

فائنل سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم مکمل طور پر تیار ہے، کھلاڑی پُرجوش ہیں اور فائنل میں بھرپور فائٹ کرکے ٹرافی جیتنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے ٹورنامنٹ کے دوران اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور اسی تسلسل کو فائنل میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم نے پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو مات دے کر ٹائٹل میچ کے لیے کوالیفائی کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیت چکی ہے، تاہم اب تک انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام نہیں کر سکی۔ 2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو مشترکہ طور پر چیمپئن قرار دیا گیا تھا، لیکن اس بار گرین شرٹس کی نظریں مکمل فتح پر مرکوز ہیں۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی انڈر 19 ٹیم ایک نئے اور مضبوط روپ میں نظر آئی ہے۔ خاص طور پر بیٹنگ میں سمیر منہاس شاندار فارم میں ہیں، جو اب تک چار میچز میں 299 رنز اسکور کر چکے ہیں، جن میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔ ان کی کارکردگی فائنل میں پاکستان کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔

بولنگ کے شعبے میں بھی گرین شرٹس نے متاثر کن کارکردگی دکھائی ہے۔ رائٹ آرم فاسٹ بولر عبد السبحان 11 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ لیفٹ آرم بولر محمد صیام نے 8 وکٹیں لے کر ٹیم کی بولنگ کو مضبوط سہارا دیا ہے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف فائنل میں کامیابی کے لیے پُرامید ہیں، جبکہ شائقین کرکٹ کی نظریں اس بڑے مقابلے پر جمی ہوئی ہیں، جہاں ایک بار پھر پاک بھارت ٹاکرا کرکٹ کا جوش اور جذبہ عروج پر لے آئے گا۔

Scroll to Top