خوشی کی محفل جیل کی سیر بن گئی، دُلہا پھولوں کے ہار کے ساتھ حوالات میں بند

پشاور: پشاور میں ہفتے کی شب تھانہ متھرا کی حدود میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دُلہے طاہر شاہ کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔

فائرنگ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس میں پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے، بلکہ اس سے عوام میں خوف و ہراس بھی پھیلتا ہے، اس لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جا رہی۔

پشاور میں شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے پولیس نے سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

رواں ماہ کے دوران اب تک 11 دُلہوں کو ہوائی فائرنگ کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

پولیس کے مطابق شادی کی تقریب میں فائرنگ کرنے والے اکثر افراد دُلہے کے دوست یا رشتہ دار ہوتے ہیں، مگر قانون کے مطابق دُلہے پر ہی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اس وجہ سے فائرنگ کرنے والے کے ساتھ ساتھ دُلہا بھی گرفتاری کی زد میں آتا ہے۔

پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ شادی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، چاہے فائرنگ کرنے والا کوئی بھی ہو، گرفتاری کا سامنا دُلہے کو ہی کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف فیصلے آئین، عدل اور عوامی اعتماد کے خلاف ہیں، علی امین گنڈا پور

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوشی کے مواقع کو سوگ میں تبدیل نہ کریں اور قانون کا احترام کریں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ شادی بیاہ کی تقریبات کو پرامن انداز میں منائیں اور ہوائی فائرنگ جیسے غیر قانونی اور خطرناک عمل سے بچیں تاکہ قانون کا احترام کیا جا سکے اور خوشیوں کا ماحول برقرار رکھا جا سکے۔

Scroll to Top