سیاسی فساد کا راستہ قوم کو کبھی آگے نہیں لے جا سکتا، دفاعی تنصیبات پر حملہ ناقابل معافی، رانا ثناء

اسلام آباد: مشیر وزیراعظم سیاسی اُمور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک میں لڑائی جھگڑا اور فساد کسی بھی قوم کو ترقی کی راہ پر نہیں ڈال سکتے۔

دفاعی تنصیبات پر حملہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے اسے انتہائی غلط عمل قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امان اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے نہ کہ تصادم کے راستے اختیار کیے جائیں۔

انہوں نے صوبائی دارالحکومت میں خواجہ رفیق کی برسی کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے 25 مئی کے اسلام آباد پر حملے کا ذکر کیا، جس میں پی ٹی آئی کے عہدیدار مسلح افراد کے ہمراہ شریک تھے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر یہ حملہ نہ ہوتا تو اسمبلی اپنی مدت مکمل کرتی اور عام انتخابات بروقت ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے دوبارہ الیکشن کے بارے میں بات کی تھی، اور معاملات طے پا چکے تھے، مگر پی ٹی آئی نے بانی سے اجازت لینے کی کوشش کی، جو نہیں ملی، جس کے بعد 9 مئی کے واقعات نے جنم لیا۔

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ جب ملاقاتیں ملک میں فتنہ و فساد کی تیاری کے لیے ہوں، تو کیا قانون ان ملاقاتوں کی اجازت دیتا ہے؟

انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی ملاقات کے بعد سامنے آنے والے ٹویٹس کا ذکر کیا اور کہا کہ ان سب کا قوم کے سامنے ہونا بہت اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی پہلے اپنی غلطیوں پر معافی مانگے، پھر مذاکرات ہوں گے، عطااللہ تارڑ

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اُس وقت پیدا ہوتا ہے جب سیاسی جماعتیں بات چیت کے بجائے تصادم کا راستہ اختیار کرتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ حال ہی میں ایک جماعت کو اسلام آباد جانے سے روکا گیا، جبکہ جماعت اسلامی کو آنے کی اجازت دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کی سالمیت کے خلاف نہیں جا سکتی۔

آخر میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سزاؤں کا سلسلہ اور ملاقاتوں پر پابندی ختم ہونی چاہیے، لیکن اس کا فیصلہ اس وقت ممکن ہوگا جب کوئی اپنے عمل میں سدھار لائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن و امان کے قیام کے لیے قانون کا احترام ضروری ہے اور سیاست دانوں کو اپنے اقدامات کے بارے میں سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے چاہیے۔

Scroll to Top