پاکستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو عبرتناک شکست دے کر وطن واپس پہنچنے کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کا سامنا کیا۔
ایئرپورٹ پر شہریوں کی بڑی تعداد کھلاڑیوں کے استقبال کے لیے موجود تھی اور ان کا جوش و جذبہ دیکھنے کے قابل تھا۔
کھلاڑیوں کا استقبال کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے تھے۔ ایئرپورٹ پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور ہر طرف پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجتے رہے۔
فاتح کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے۔ اس کے ساتھ ہی ایئرپورٹ کے باہر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا، جس نے محفل کو مزید رنگین بنا دیا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار استقبال۔
کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کا استقبال پی سی بی چیف اپریٹنگ افیسر سمیر احمد سید، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور دیگر پی سی بی حکام نے کیا۔
دبئی میں فائنل میں بھارت انڈر 19 کو شکست دینے کے بعد وطن واپسی۔… pic.twitter.com/tuS6ugggK0
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) December 21, 2025
پاکستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 91 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی اور ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم صرف 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی شاندار جیت میں اہم کردار سمیر منہاس نے ادا کیا، جنہوں نے 172 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سمیر اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بنے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کرنے کا اعلان کیا ہے، جہاں وہ بھارت کو شکست دینے والے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے۔
پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے اس ایونٹ میں دوسری بار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتا ہے۔ اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور بھارت نے مشترکہ طور پر یہ ٹائٹل حاصل کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : سمیر منہاس کا بھارتی باؤلرز پر لاٹھی چارج، 172 رنز کی طوفانی اننگز، بہترین پلیئر قرار
اس شاندار کامیابی نے نہ صرف کھلاڑیوں کو بلکہ پورے ملک کو خوشی سے سرشار کر دیا ہے۔
کھلاڑیوں کا استقبال کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود شائقین کرکٹ کا کہنا تھا کہ انڈر 19 ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور ان کی کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک ترغیب ہے۔
فاتح ٹیم کے ارکان ایئرپورٹ سے نکلتے ہوئے اپنے مداحوں کے ساتھ تصویریں بنواتے اور جشن مناتے ہوئے نظر آئے۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی یہ فتح اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان کے نوجوان کرکٹرز عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور مستقبل میں بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔





