پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ فائنل میں بھارت کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
فائنل میں پاکستان نے بھارت کے لیے 348 رنز کا ہدف مقرر کیا، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم صرف 156 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
یہ پاکستان کی انڈر 19 ایشیا کپ میں دوسری کامیابی ہے، جس سے پہلے 2012 میں پاکستان اور بھارت نے مشترکہ طور پر ٹائٹل جیتا تھا۔
پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے فتح کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
سرفراز احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو صرف رہنمائی اور اعتماد دیا گیا تھا اور انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اللہ کے فضل و کرم کا نتیجہ ہے اور ٹیم کی محنت کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔
سرفراز احمد نے مزید کہا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو لمبے لیکچر دینے کے بجائے ان کے اندر موجود ٹیلنٹ پر اعتماد کیا، اور نوجوانوں نے دبئی میں اپنی کارکردگی سے اس اعتماد کو درست ثابت کیا۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیم کو فائٹر بننے کا پیغام دیا تھا، جس پر کھلاڑیوں نے بھرپور عمل کیا۔
سرفراز احمد نے فائنل میں شاندار اننگز کھیلنے والے سمیر منہاس کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملتان میں کوچنگ اسٹاف نے ان کے ساتھ خصوصی محنت کی، جس کا اثر فائنل میں دکھا۔ بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں علی رضا، عبدالسبحان اور صائم نے بھی غیر معمولی محنت کی، اور سرفراز کے مطابق یہ فتح ان سب کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں دہشت گردوں کا حملہ، پولیس اہلکار سمیت 4 زخمی
انہوں نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی، اور اس فتح کا تمام تر کریڈٹ کھلاڑیوں کی ٹیم ورک اور محنت کو جاتا ہے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اللہ کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے کیونکہ نیت اور گمان اچھا ہو تو ہمیشہ اچھے نتائج سامنے آتے ہیں۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی اس شاندار فتح نے نہ صرف کھلاڑیوں کو بلکہ پورے ملک کو خوشی سے سرشار کر دیا ہے۔
اس کامیابی نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کے نوجوان کرکٹرز عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور کرکٹ کے مستقبل میں پاکستان کی کامیاب رہنمائی کی بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔





