واشنگٹن: امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب ایک اور تیل بردار جہاز کا تعاقب شروع کر دیا ہے، جسے امریکی حکام کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں دوسرا اور دو ہفتوں سے کم عرصے میں تیسرا آپریشن قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی اہلکاروں نے الجزیرہ کو بتایا کہ امریکی کوسٹ گارڈ اس جہاز کا مسلسل تعاقب کر رہا ہے اور اس پر قبضے کی کوششیں جاری ہیں۔
یہ جہاز وینزویلا کے نام نہاد ڈارک فلیٹ کا حصہ ہے اور امریکی پابندیوں سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔
حکام کے مطابق امریکا وینزویلا پر عائد پابندیوں کو موثر بنانے کے لیے ان جہازوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے جو خفیہ طور پر تیل کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب ایک تیل بردار جہاز کو قبضے میں لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان، ایران اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ: دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
وینزویلا کی حکومت کی جانب سے امریکی کارروائی پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم اس سے قبل وینزویلا نے امریکا پر اپنے تیل کے وسائل چرانے کی کوشش کا الزام عائد کیا تھا۔
یہ آپریشن وینزویلا کے تیل کے ذخائر کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف امریکا کی مسلسل کارروائیوں کا حصہ ہیں، جو عالمی سطح پر تیل کے غیر قانونی کاروبار کو روکنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔





