کاٹلنگ بازار میں دن دیہاڑے فائرنگ ،دو افراد جاں بحق

ضلع مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے بازار میں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور ایک راہ گیر خاتون زخمی ہوگئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق آج دن دیہاڑے کاٹلنگ بازار میں دونوں فریقین کا سامنا ہوا، جس پر ایک فریق کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں مخالف فریق کا ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ بعد ازاں دوسرے فریق کے بارڈی گارڈ کی جوابی فائرنگ سے ایک اور شخص بھی ہلاک ہوا۔

اس واقعے کے دوران بازار میں موجود ایک خاتون بھی زخمی ہوئی جسے فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں نے ہسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نواب گل اور صابر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے گھروں پر بھی حملے کیے جس کے نتیجے میں دو مزید افراد زخمی ہوگئے جن کی شناخت شہزاد گل اور ریٹائرڈ پولیس انسپکٹر کبیر خان کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کر لیا ہے جبکہ ہسپتال میں بھی سخت سیکیورٹی نافذ کردی گئی ہے۔

Scroll to Top